اسلام آباد( نیو زڈیسک ) پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے ایک نجی ٹی وی کے پروگراموں میں انتہائی فحش، غیر اخلاقی، غیر مہذب زبان استعمال کرنے اور براہ راست نشریات میں مؤثر تاخیری نظام کا عدم استعمال پر نجی ٹی وی چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے جرمانے کے اطلاق کا نوٹیفکیشن نجی ٹی وی چینل کو ارسال کر دیا ہے ۔ پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے جاری بیان کے مطابق نجی ٹی وی کے تین پروگراموں میں انتہائی فحش، غیر اخلاقی اور غیرمہذب زبان کے استعمال کا پیمرا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہ چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ کرنے کے لئے کیس پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کراچی بھجوایا تھا جس پر پروفیسر انعام باری کی زیر صدارت 14جنوری 2016 کواجلاس ہوا ، ٹی وی چینل کے نمائندوں کا مؤقف سننے اور تمام ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد متفقہ طور پر نجی ٹی وی چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی جو کہ چیئرمین پیمرا نے اتھارٹی کے تفویض کردہ اختیارات کے تحت منظورکر لی ہے اور جرمانے کے اطلاق کا نوٹیفکیشن مذکورہ چینل کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ پندرہ(15) یوم کے اندر جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں نجی ٹی وی چینل کا کیس اتھارٹی کے اجلاس میں مزید کاروائی کیلئے پیش کیا جائے گا۔