لاہور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رنگ روڈ کا ٹھیکہ ہمارے نہیں بلکہ پرویز الٰہی دور حکومت میں دیا گیا ، دو مرتبہ وارننگ کے باوجود صحیح کام نہ کرنے پر ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ، کنٹریکٹر کامران کیانی کی طرف سے کمٹمنٹ کے مطابق کام نہ کرنے پر انکے بھائی اور اس وقت کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے دو مرتبہ بات کی تھی ،کنٹریکٹ منسوخ کرنے پر جنرل اشفاق کیانی نے کبھی کوئی شکوہ نہیں کیا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ 2008ءکے انتخابات میں پنجاب میں ہماری حکومت بنی لیکن رنگ روڈ کا ٹھیکہ پرویز الٰہی کے دور میں دیا گیا ۔ میں نے جب اس منصوبے کا دورہ کیا تو معاہدے کے مطابق اس پر صحیح کام نہیں ہو رہا تھا جس پر میں نے کنٹریکٹر کو وارننگ دی تھی۔ مجھے بتایا گیا تھاکہ کنٹریکٹر آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بھائی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ میری دو مرتبہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل اشفاق سے ملاقات ہوئی تھی اور میں نے ان سے اس متعلق ضرور بات تھی جس پر انہوں نے کہا کہ میں اپنے بھائی سے بات کروں گا ۔اس حوالے سے کامران کیانی نے شکوہ کیا تھاکہ آپ نے ان کے بھائی سے اس متعلق شکایت کی ہے جس پر میں نے انہیں کہا تھاکہ آپ کمٹمنٹ کے مطابق کام نہیں کر رہے اور آپ کو اپنے بھائی کے نام کی لاج رکھنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ وارننگ کے باوجود ٹھیک کام نہ کرنے پر میں نے اس ٹھیکے کو منسوخ کر دیا تھا تاہم جنرل اشفاق پر نے کبھی اس حوالے سے شکوہ نہیں کیا ۔