لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالر شپ پروگر ام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہر سال سرکاری یونیورسٹیوں کے 100 اہل طلبا وطالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دئیے جائیں گے۔ اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا درخشاں مستقبل ہیں۔ ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالر شپ پروگرام‘‘ پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔ دریں اثناء طلبا وطالبات کو چینی زبان سکھانے کیلئے چین بھجوانے کے پروگرام کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے اخراجات پر پہلے مرحلے میں 300 طلبا طالبات کو چینی زبان سیکھنے کے کروس کیلئے چین بھیجے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدر ارشد جہانگیر جھوجہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارک باد دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈلیبر کے خاتمے کے لئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی تعلیم کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری دی۔