اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزراء کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کو پہاڑی بکرا کا خطاب دینے پر کشمیری سراپا احتجاج ، سوشل میڈیا پر لیگی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ریاست کے وزیر اعظم کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرنے سے کشمیری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ،وفاقی وزیر فوری معافی مانگیں ،عوام کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے بھمبر جلسہ عام میں وزیراعظم آزادکشمیر کو ’’پہاڑی بکرا‘‘ کہا جس پر نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ دیگر سیاسی ،سماجی ،مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے وفاقی وزراء سمیت مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزراء نے نہ صرف چوہدری عبدالمجید بلکہ ریاست میں بسنے والے کم وبیش چالیس لاکھ عوام کی تذلیل کی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے فوری طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر بھی وفاقی وزراء اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ریاستی عوام کھل کر سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں ۔ ریاست آزادجموں و کشمیر کی عوام نے نہ صرف وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف بلکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔جبکہ دوسری جانب چند افراد وزیر امور کشمیر کے بیان کو وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کا رد عمل کہا ہے جس میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے وفاقی وزیر امور کشمیر کے جنازے کا ذکر کیا تھا ۔