لاہور ( این این آئی) قصور ویڈیو سکینڈل سے متعلق کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ،پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 3ملزمان کو جنسی بدفعلی کیس میں بے گناہ قرار دیدیا۔قصور وڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق پولیس نے 4ایف آئی آرز کا حتمی چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان میں کہا گیا کہ مرکزی ملزم تنزیل الرحمن، عتیق الرحمن اور اختر شیرازی نے کسی سے بدفعلی نہیں کی جبکہ ملزمان پر کسی سے بھتہ مانگنے کا الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔ چالان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تینوں ملزمان پر صرف شہریوں کو ڈرانے دھمکانے کا الزام ثابت ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے 4ایف آئی آرز کے چالان میں مرکزی ملزم سمیت 3ملزمان کو بے گناہ قرار دیدیا جن ایف آئی آرز کا چالان پیش کیا گیا۔ ان میں ایف آئی آر نمبر 190، 191، 192اور 201شامل ہیں ۔ عدالت نے حتمی چالان آنے کے بعد فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کرنے کا حکم دیدیا۔