لاہور(نیوزڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے قائم سٹےئرنگ کمیٹی کایہاں اجلاس منعقد ہو ا جس میں وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کی تعلیم کیلئے خصوصی پیکیج کی منطوری دی۔پیکیج کے تحت سکول جانیوالے ہر بچے کو سوفیصد مفت تعلیمی اخراجات کے علاوہ ایک ہزار روپے ماہانہ خصوصی وظیفہ دیا جائے گاجبکہ بچوں کے سکول داخلے پر والدین کو دوہزار روپے سالانہ وظیفہ دیا جائے گا۔بچوں اوران کے والدین کوعلاج معالجہ کی مفت سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔دوردراز سکولوں میں جانیوالے بچوں کے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے آرڈیننس کے مسودے کی بھی منظوری دی۔آرڈیننس کے تحت چائلڈ لیبر کرانے والے بھٹہ مالکان کو چھ ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔خلاف ورزی پر بھٹہ مالکان کا سمری ٹرائل ہوگااور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔چائلڈ لیبر کرانے پربھٹہ بھی سیل ہوگا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت کریں گے اور اس مقصد کے لئے متعلقہ اداروں کو محنت اورعزم سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی چیکنگ کیلئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ہر ضلع کا ڈی سی او کمیٹی کا سربراہ ہوگا۔ڈی سی او اور ڈی پی او اپنے متعلقہ اضلاع میں بھٹوں کو باقاعدہ چیک کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او بھی بھٹوں کی چیکنگ کریں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے اعلان کردہ پیکیج انتہائی اہم اقدام ہے ۔ اس پیکیج کے تحت بچوں کو فری کتابیں،سٹیشنری،یونیفارم،جوتے اور سکولز بیگ فراہم کیے جائیں گے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کا سکولوں میں سوفیصد داخلہ یقینی بنایا جائے اور اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ،راجہ اشفاق سرور،رانا مشہود احمد ،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریزاوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔