پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخواکے سینئر وزیر بلدیات اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے صوبے بھر میں میونسپل خدمات اور تعمیراتی و ترقیاتی سکیموں میں مصروف عمل نجی کمپنیوںاور ٹھیکیداروںکو خبر دار کیا ہے کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں بصورت دیگر بھاری جرمانوں اور دیگر سخت سزاﺅںکے علاوہ ناگزیر صورت میں انہیں بلیک لسٹ کرنے سے بھی گریزنہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیاکہ تمام حکام کو سکیموں میں تاخیر اور عوامی مشکلات میں اضافے کاباعث بننے والے ٹھیکیداروںکے خلاف سخت ترین ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں سیکورٹی کی ضبطگی،یومیہ جرمانے اور اہلیتی فہرست سے اخراج سمیت تمام آپشن شامل ہیں ۔وہ بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں میونسپل سروسز پروگرام(ایم ایس پی)کے تحت پشاور سمیت مختلف شہروں میں نکاس اور صحت و صفائی سے متعلق ترقیاتی سکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ضلع ناظم پشاور ارباب محمد عاصم خان،ٹاﺅن ون کے ناظم زاہد ندیم،نائب ناظم سید قاسم علی شاہ،ایم ایس پی کے ڈائریکٹر عطاءالرحمان اِور ٹی ایم اوزکے علاوہ دیر بالا سے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی شرکت کی جبکہ ٹھیکیداروں اور کمپنیوں کے نمائندوںنے بھی اپنے مسائل اور معروضات پیش کئے۔عنایت اللہ نے کہاکہ ٹھیکیداروں اور تعمیراتی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مشکلات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجاے گا تاہم منصوبوں کودرمیان میں روک کر حکام اور حکومت کو بلیک میل کرنے اور عوامی شکایات میں اضافہ کر کے مافیا بننے کی اجازت ہر گزنہیں دی جاے گی۔انہیں میونسپل سکیموں کے ضمن میں تاخیر سے متعلق ناظمین اور شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات بھی مل رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کابڑامسئلہ ادائیگیوں میں تاخیر ہے جس کا صوبائی حکومت نے سنجیدگی سے نوٹس لے کر صورتحال کافی بہتر بنا دی ہے البتہ ادائیگی کی آڑ لے کر منصوبوں پر کام روکنے،شہریوں کی پریشانیاں بڑھانے یا حکومتی و انتظامی مشینری کویرغمال بنانے یا چیلنج کرنے کی کسی کو ہر گزاجاز ت نہیں دی جائے گی جس کا ٹھیکیداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچتا ہے اس سلسلے میں حکام کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں انہیں فنڈزبروقت ملیں گے مگر آئندہ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کا مطلب کنٹریکٹ کی منسوخی اور جرمانہ ہوگا۔حکومت نہ تو بلیک میل ہوگی اور نہ ہی اپنی عزت اور ساکھ کو داﺅ پر لگائے گی۔ صوبے میں کرپشن اور اقرباءپروری کادورلد چکا اور ہمارا کوئی بھی منظور نظر نہیں ہر کام شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔سینئر وزیرنے ٹھیکیداروں کے بعض معروضات کے ازالے کیلئے ایم ایس پی کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔