لاہور( این این آئی )لاہور کے علاقے کاہنہ میں آڑھتیوں کے دو گروپوں میں فائرنگ سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ، ورثاءاور اہل علاقہ نے لاش فیروز پور روڈ پرر کھ کر ٹریفک بلاک کر دی جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں،مشتعل مظاہرین میٹرو کے روٹ پر بھی داخل ہو گئے جبکہ فیروز پور روڈ پر راہگیروں پر تشدد کرنے کے ساتھ کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ ڈالے ،پولیس کی طرف سے لاش چھین کر ہسپتال لیجانے کے بعد مظاہرین احتجاج کے لئے ماڈل ٹاﺅن پہنچ گئے جہاں پولیس کی بھاری نفری نے انہیں منتشر کر دیا ۔ بتایاگیا ہے کہ لاہور کے نواحی علاقہ کاہنہ کی منڈی میں آڑھتیوں کے دو گروپوں میں لین دین کے جھگڑے پر فائرنگ ہو گئی جسکی زد میں آکر تین مزدور زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو جنرل ہسپتال منتقل کر دیا جہاںجہاں 32 سالہ زخمی جاوید چل بسا۔ ہلاکت کی اطلاع پر ورثا ،اہل علاقہ اورمتاثرہ گروپ کے افراد مشتعل ہو گئے اور میت اٹھا کر ہسپتال کے باہر فیروزپور روڈ پر لے آئے اور ٹریفک بلاک کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس دوران مظاہرین زبردستی میٹرو کے جنگلے پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے اور سروس کو معطل کرنے کی کوشش کی ۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم مشتعل مظاہرین نے پولیس سے بھی ہاتا پائی کی ۔ احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے راستہ مانگنے پر کئی راہگیروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ ڈالے ۔ دھکم پیل اور پولیس سے ہاتھا پائی کے دور ان دو خواتین بیہوش ہو گئیں جنہیں موقع پر ہی طبی امداد دی گئی ۔اس دوران مظاہرین پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔پولیس نے مزید نفری طلب کر کے لاش کو زبردستی ہسپتال پہنچا دیا جس پر مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی کی رہائشگاہ ماڈل ٹاﺅن پہنچ گئے ۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے مظاہرین کو منتشر کر دیا ۔