اسلام آباد (نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 لاہور میں ووٹوں کی منتقلی کیس کی سماعت 19جنوری تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز این اے 122کے ضمنی الیکشن میں 25ہزار سے زائد ووٹوں کے غیر قانونی اور دستاویزات کے بغیر ردوبدل کو چیلنج کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار عبدالعلیم خان کی طرف سے دائر کردہ رٹ پٹیشن کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار احمد رضا خان کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے کی جہاں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل پیش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی فراہم کردہ دستاویزات دکھائیں اور باقی ماندہ ووٹوں کی تبدیلی کے ثبوت نہ ہونے کا نقطہ اٹھایا ۔تاہم ایازصادق کے وکیل کے پیش نہ ہونے کے باعث آئندہ سماعت 19جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ 19جنوری کو گواہان کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح کی جائے گی اور اس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گذشتہ 3ماہ سے انتہائی سادہ ساسوال پوچھا جا رہا ہے کہ این اے122کے حلقے میں ووٹوں کے ہونے والے غیر قانونی ردوبدل کا ذمہ دار کون ہے ،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو صرف 812ووٹوں کی تبدیلی کے شواہد فراہم کیے ہیں جبکہ باقی کی ذمہ داری نادرا پر ڈالی جا رہی ہے جبکہ نادرا ثبوتوں کی فراہمی میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹ ٹرانسفر ہونے کا اعتراف کر چکا ہے اب ہم ذمہ داران کے تعین کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیںگے ،ایاز صادق حقائق سامنے لائیں اگر انہوں نے فراڈ نہیں کرایاتو پھر انہیں اس پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق ایک مرتبہ پھر دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے ملک کے سب سے بڑے ایوان کے سپیکر بنے ہیں اب انہیں دوبارہ گھر کی واپسی کا سفر اختیار کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں این اے122کے کیس کی سست روی سے سماعت ثابت کر رہی ہے کہ ©”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے ” جہاں نواز لیگ کی طرف سے ہرمرتبہ کوئی نہ کوئی نیا حربہ اختیار کیا جاتا ہے ۔عبدالعلیم خان نے دانیال عزیز کی میڈیا سے گفتگو اور پی ٹی آئی پر تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ چاپلوسی پروگرام والے وزارتوں کے بھکاری میڈیا سے سامنے دوکانداری چمکا رہے ہیں اور”سوال گندم جواب چنا” کے مترادف گفتگو کر کے اپنی نوکری پکی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بکاو¿ کہنے والوں کا نوٹس لیا جانا چاہیے ،عبدالعلیم خان نے ایک سوال پرکہا کہ عمران خان کی سیاست کا اصل مرکز اور محور عوام میں سیاسی شعور اجاگر کرنا ہے اور ہم اُسی مشن کی جدوجہد کر رہے ہیں ،این اے122کے ذیلی حلقے پی پی147 سے تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے محمد شعیب صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔