ڈیرہ اسماعیل خان (نیوز ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلہ ، ڈی ایس پی ، بہاول خان کے قتل میں ملوث مطلوب دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ کلاچی پولیس نے بدنام ٹارگٹ کلر شاہد دانیال کی مڈی میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو شاہد دانیال نے پولیس پر فائرنگ کر دی ، پولیس کی جوابی فائرنگ میں شاہد دانیال مارا گیا۔ پولیس کے مطابق شاہد دانیال فرقہ وارانہ دہشتگردی کے مقدمات میں سزا یافتہ تھا اور 29 جولائی 2012 میں سنٹرل جیل ڈیرہ ٹوٹی تو شاہد فرار ہو گیا تھا۔ اسی دوران شاہد نے سب انسپکٹر قیصر جہاں اور اس کے 2 بھائیوں کو قتل کرنے کے علاوہ ڈی ایس پی سٹی بہاول خان اور اس کے ساتھی کو قتل کیا۔ شاہد دانیال کا تعلق لشکر جھنگوی سے تھا اور وہ پولیس کو دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔