کراچی(نیوز ڈیسک)عالمی بینک گروپ کی جانب سے جاری کی گئی کاروباری لحاظ سے بہترممالک کی فہرست میں پاکستان مزید2درجے تنزلی کا شکار ہوگیا ہے۔عالمی بینک کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک گروپ کی2016 کیلیے جاری کی گئی رپورٹ برائے ڈوئنگ بزنس میں پاکستان کا درجہ 138تک پہنچ گیا ہے۔پاکستان کا درجہ 2015 میں 136 واں تھا اور جن عوامل کے باعث یہ درجہ دیا جاتا ہے ان میں کاروبار کے آغاز میں آسانی، تعمیراتی کاموں کی اجازت، بجلی کی فراہمی، جائیداد کی رجسٹریشن، قرض کی سہولت، چھوٹے سرمایہ کاروں کا تحفظ، ٹیکسوں کی ادائیگی، تجارت، معاہدوں پر عملدرآمد اور دیگر شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے حوالے سے سب سے زیادہ اہم عنصر کاروباری معاہدوں پرعملدرآمد ہے جس میں پاکستان کا درجہ 151واں تھا۔