اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت نے ماربل کی بڑے پیمانے پر تباہی کو بچانے کیلئے بلاسٹنگ کے پرانے و فرسودہ طریقے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا ہے،بلاسٹنگ کی جگہ لیزر ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت ہوگی۔وزارت صنعت وپیداوار کی دستاویزات کے مطابق ماربل کو نکالنے کیلئے بلاسٹنگ کا فرسودہ طریقہ استعمال کیا جاتا ہے اس طریقہ سے 85فیصد تک ماربل ضائع ہو جاتا ہے اور جو ماربل بچ جاتا ہے اس میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں اور وہ ایکسپورٹ کے قابل نہیں رہتا، اس لیے وزارت صنعت و پیداوارنے بلاسٹنگ کے پرانے طریقہ کار کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بلاسٹنگ کے طریقہ کار پر مرحلہ وار پابندی عائد کی جائیگی،حکومت نے جدید مشینری منگوانے کیلئے تعاون پر بھی غور شروع کر دیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو جدید طریقہ کار کے استعمال پر آمادہ کرنے کیلئے وزارت صنعت وپیداوار نے رابطے شروع کر دیے ہیں، وزارت کے ذیلی ادارے پاسڈیک نے اسٹون وائر کٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرادی ہے جس کے اچھے نتائج ملے ہیں