کراچی (نیوز ڈیسک) ایک سال میں خشک دودھ سمیت چینی اور چائے کی پتی مہنگی ہونے سے کراچی میں دودھ پتی کا کپ 5 روپے تک مہنگا ہوگیا ، مزدور یا دفاتر میں کام کرنےوالے افراد اپنے آپ کو تازہ دم کرنے کےلئے اکثر ہوٹلوں پر چائے پیتے نظر آتے ہیں ، پہلے دودھ پتی کا کب22,20 روپے تک مل جاتا تھا لیکن پتی ، خشک دودھ اور چینی کی قیمتوں میں اضافے سے یہ اب 30 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ملک میں چائے کی پتی درآمد کی جاتی ہے اور ایک سال کے دوران عالمی سطح پر فی ٹن چائے 100 ڈالر اضافے سے 370 ڈالر تک پہنچ جانے سے مقامی مارکیٹ میں یہ مہنگی ہوچکی ہے۔ریٹیل سطح پر 900 گرام چائے کا ڈبہ 570 روپے سے بڑھ کر 820 روپے کا ہوگیا ہے ،عالمی منڈی میں خشک دودھ کے دام 50 فیصد گرنے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں ملک پاﺅڈر 500 گرام کا ڈبہ 100 روپے تک مہنگا ہوگیا۔ اس کے علاوہ رہی سہی کسر چینی نے پوری کردی جو ایک سال میں 5 روپے اضافے سے 55 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔