پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ قبائل کی خواہشات کے مطابق کیا جائے،قبائلی علاقوں کے حوالے سے جوبھی فیصلہ ہوگا انکی مرضی کے مطابق ہوگا،بیرونی فیصلے قبائلیوں پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے پشاور میں فاٹا یوتھ فیسٹول کا دورہ کیا،اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے فیسٹول میں لگے قبائلی پکوانوں کے سٹالز بھی دیکھے اور قدیمی اشیاء کا بھی معائنہ کیا۔سپیکر اسد قیصرکا کہنا تھا کہ فیسٹول کے ذریعے دنیا کو مثبت پیغام جائیگا،فاٹا ایک پرامن خطہ ہے اور اس خطے کی قدیم ثقافت کو دنیا کے سامنے لانے کا یہ بہترین اقدام ہے،اسد قیصر کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام کی مرضی کے مطابق اس کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے،تحریک انصاف فاٹا کے عوام کی امنگوں کو پورا کریگی۔تحریک انصاف نے فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے قبائلی عوام سے مشاورت کیلئے کمیٹی قائم کردی ،قبائلی علاقوں کے حوالے سے جوبھی فیصلہ ہوگا انکی مرضی کے مطابق ہوگا،بیرونی فیصلے قبائلیوں پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔