اسلام آباد(نیوزڈیسک) رواں سال 2015کے شروع سے دسمبرکے آخرتک بڑے بڑے سیاستدانوں کی زبانوں پر تالے پڑے رہے جبکہ جلسوں ،پریس کانفرنسوں اورتقریبات میں خطابت دکھاتے رہے مگر ایوان میں چپ سادھے بیٹھے رہے، قانون سازی کا مطالبہ کیا، نہ عوامی مسائل پر آواز بلند کی۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق ان سیاستدانوں میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا جو چھ ماہ تک روٹھ کر ایوان سے باہر بیٹھے رہے، واپس لوٹے بھی تو ایک لفظ نہ بولے۔ ہر جلسے میں عمران خان کو للکارنے والے حمزہ شہباز بھی ایوان سے ناراض رہے تو سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے بھی پورا سال چپ کا روزہ نہ توڑا۔اور تو اور چوہدری پرویز الہٰی نے بھی سال بھر ایوان میں کچھ نہ کہا۔ پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین رکھنے والی پیپلز پارٹی کی اہم ترین فریال تالپورنے بھی ایک سال تک پارلیمنٹ میں ایک لفظ تک نہ بولا۔