لاہور(آئی این پی) امیر جماعت الدعوہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اچانک پاکستان آمد نے کروڑوں محب وطن پاکستانیوں کے دل دکھا دیئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے حوالے سے اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا،حافظ سعید نے کہا کہ پاکستان آنے سے قبل مودی نے کابل میں پاکستان کو دہشت گردی کا سب سے بڑا ذمہ دار قرار دیا۔افغانستان کے مسائل کو پاکستان سے منسوب کرکے افغان عوام کو پاکستان کیخلاف بھڑکایا۔ اور پھر لاہور پہنچ کر میاں نواز شریف سے ذاتی دوستی کی بنیاد پر انہیں مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ سب باتیں انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث ہیں، یہ وہی مودی ہے کہ جس نے بنگلہ دیش میں پاکستان کو توڑنے کی سازش کا برملا اظہار کیا۔ اور اس بات کا اعتراف کیا کہ میں بھی ان لوگوں میں شامل ہوں کہ جنہوں نے پاکستان کو توڑا تھا، یہ شخص پاکستان کیخلاف سنگین سازشوں میں ملوث رہا۔ان کا کہنا تھا کہ سولہ دسمبر سقوط ڈھاکہ کے روز آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں کو شہید کرکے در حقیقت مشرقی پاکستان توڑنے کی سالگرہ منائی گئی تھی،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وزیر اعظم سے کہتے ہیں کہ ذاتی دوستی اپنی جگہ مگر ہم اس پاکستان دشمن شخص کا استقبال اس طرح سے نہیں کرسکتے۔انہون نے کہا کہ شہید کشریوں کے لواحقین پوچھ رہے ہیں کہ کیا کشمیر کو ذاتی دوستی پر قربان کر دیا جائے گا ، اس شخص کا اس طرح استقبال کیوں کیا گیا ؟۔