پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں نمونیا کے مرض میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں اس مرض کے باعث 9بچے موت کی آغوش میں چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوا توبچوں میں سینے کے امراض بھی بڑھتے چلے گئے۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں کے علاوہ پشاور کے تدریسی ہسپتالوں میں نمونیا کی شکایت کے ساتھ سینکڑوں بچوں کو داخل کیا گیا جبکہ 9 بچوں کی اموات واقع ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق چھوٹے بچوں میں نمونیا عام ہوگیا ہے۔ احتیاط نہ ہونے کی صورت میں یہ مرض موت کا باعث بن رہاہے۔ڈاکٹروں کے مطابق اس موسم میں بچوں کا سینہ خراب ہو تو فوری طور پر ہسپتال پہنچانا ضروری ہے۔ نمونیا بچوں میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے اس لئے سخت سردی میں بچوں کو گرم رکھا جائے۔ کھٹی اور ٹھنڈی چیزیں کھانے سے پرہیز کیا جائے اور بچوں کو گردوغبار سے دور رکھا جائے تو انہیں نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچایا جا سکتا ہے۔