لاہور(نیوزڈیسک) نریندر مودی نے کہا نمستے نواز شریف بولے سلام اور پھر یوں گلے ملے کہ گِلے جاتے رہے۔ بھارتی ایئر فورس کے طیارے میں نریندر مودی لاہور ایئر پورٹ پہنچے۔ وزیر اعظم نواز شریف استقبال کیلئے پہلے سے موجود تھے، جیسے ہی بھارتی وزیر اعظم نے پاکستانی سر زمین پر قدم رکھا، وزیر اعظم پاکستان نے کھلے دل سے انہیں خوش آمدید کہا۔ نریندر مودی نے دورہ کیلئے کرتا پاجامہ اور واسکٹ کا انتخاب کیا، جبکہ پاکستانی وزیر اعظم نے بلیو شلوار قمیض اور واسکٹ زیب تن کی۔ دونوں وزرائے اعظم آہستہ آہستہ قدم اٹھاتے ہوئے رن وے پر موجود ہیلی کاپٹر کی جانب بڑھے۔ نریندر مودی پہلے بھارتی وزیر اعظم ہیں جو پاکستانی ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔ لاہور ایئر پورٹ سے اڑنے والا ہیلی کاپٹر وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء میں اترا جہاں ان کے لئے ضیافت کا انتظام کیا گیا، نریندر مودی نے نواز شریف کو نواسی کی شادی پر مبارک باد بھی دی۔