اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے پڑوسی ممالک ہیں لیکن کشمیر کے مسئلے پر دونوں ممالک کے تعلقات میں اکثر و بیشتر نرمی گرمی دیکھنے میں آتی رہتی ہے، دونوں ممالک کے سربراہان اپنے ملک میں یا ملک سے باہر ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں تو دنیا بھر کی نظریں ان پرجم جاتی ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان آمد سے قبل 4 بھارتی وزرائے اعظم پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد جواہر لعل نہرو پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم تھے۔ جواہر لعل نہرو نے 1953 میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر کرانے کے لئے پاکستان کا دورہ کیا، اس وقت محمد علی پاکستان کے وزیراعظم تھے۔جواہر لعل نہرو نے دوسری مرتبہ 1960 میں صدر ایوب خان کے دور میں پاکستان کا دورہ کیا۔ جواہر لعل نہرو کے اس دورے کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا تنازع حل کرنے کے لئے تاریخی سندھ طاس معاہدہ ہوا۔ اس دورے کے دوران جواہر لعل نہرو نے کراچی، اسلام آباد اور مری کا دورہ کیا۔پاکستان کا تیسرا دورہ جواہر لعل نہرو کے پوتے راجیو گاندھی نے 1988 میں کیا۔ اس وقت پاکستان کے صدر غلام اسحاق خان اور وزیراعظم بے نظیر بھٹو تھیں۔بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے فروری 1999 میں پاکستان کا دورہ کیا، اس وقت پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف تھے۔