وادی تیراہ(ویب ڈیسک)خیبر ایجنسی تیراہ میدان میں قبائلی عوام نے اسلحہ کا بڑا ذخیرہ رضا کارانہ طور پر سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے سیکیورٹی ادارے اور پولیٹیکل انتظامیہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر کام کر رہے ہیں۔قبائلی مشران کی جانب سے رضاکارانہ طور پر اسلحے کا بڑا ذخیرہ سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا، اس موقع پر کرنل شوکت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن خیبر ون اور ٹو کے کامیاب آپریشن کے بعد خیبر ایجنسی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔آئی ڈی پیز کی بحالی اور تیراہ میدان کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے گیا ہے، نئی سڑکوں اور سکولوں کی تعمیر ،پانی سپلائی اسکیمیں اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں اسلحہ جمع کرانا اس بات کی ترجمانی کرتا ہے کہ مقامی لوگوں کا سیکیورٹی اداروں پر اعتماد بڑھ گیا ہے۔جمع کرائے گئے اسلحہ میں ہیوی مشین گنز،دستی بم، میزائلز،مارٹر گولے ،آر پی جی سیون،درجنوں انٹی ٹینک مائنز،کارتوس اور دیگر اسلحہ شامل ہیں ۔