اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت کی مارگلہ پہاڑیوں پر چھ سالوں میں پہلی بار چیتے دیکھے گئے ہیں میڈیا رپورٹ کے مطابق تالہڑہ کے ایک رہائشی محمد جمروز نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے گاؤں والوں کے جانور غائب ہو رہے تھے انہوں نے کہا کہ گڈریوں کے ریوڑ میں سے بعض جانوروں کا غائب ہو جانا ایک معمول کی بات تھی تاہم گزشتہ چند دنوں سے رہائشیوں کے مویشی بھی غائب ہونا شروع ہو گئے تھے اور چار بکریاں مردہ پائی گئی جن کو دیکھ کر یہ لگتا تھا کہ انہیں کسی جانور نے شکار بنایا ہے انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملے پر گاؤں والوں کو جب تشویش لاحق ہوئی تو انہوں نے علاقے کی تلاشی لینا شروع کر دی اور مختلف مقامات پر چیتوں کو پایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیتے فیصل مسجد اور پیرسوہاوہ کے نزدیک دیکھے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ چیتے نہ تو لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی کو تنگ کرتے ہیں بلکہ پیرسوہاوہ جانے والی سڑک پر آرام سے جا رہے ہوتے ہیں