اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو بجلی کے ماہانہ نرخ میں ایک روپے 97 پیسے کمی کے لئے سمری ارسال کر دی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے نیپرا کو ایک سمری بھیجی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نومبر کیلئے ریفرینس پرائس 7 روپے 30 پیسے تھی، ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت 10 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہی، نیوکلیئر بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپیہ 12 پیسے فی یونٹ رہی، گیس سے بجلی کی پیدواری لاگت 5 روپے 75 پیسے فی یونٹ آئی جب کہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ رہی، اس کے علاوہ نومبر میں ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 12 روپے 48 پیسے فی یونٹ رہی۔سی پی پی اے کی سمری میں مزید کہا گیا کہ ریفرنس پرائس کے مقابلے میں لاگت 5 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی لہذا پیداواری لاگت میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے اور ماہانہ نرخ میں ایک روپے 97 پیسے کمی کی جائے۔ نیپرا سی پی پی اے کی بجلی کے نرخ میں کمی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 29 دسمبر کو سماعت کا اعلان کیاہے ۔