سانگھڑ(نیوز ڈیسک)کھپرو پولیس کا نجی جیل پر چھا پہ، 65ہاری بازیاب، پولیس نے عدالت میں پیش کر نے کے لئے 15ہزار روپے رشوت وصول کی، تفصیلات کے مطا بق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانگھڑ میر صفدر حسین تالپور کے حکم پر کھپرو پولیس کا زمیندار صحبت مری کی نجی جیل پر چھاپہ مار کرپولیس نے 12 خواتین اور 25 بچوں سمیت 65 ہاری بازیاب کرلئے۔ چھاپے کے دوران زمیندار اور اس کے کارندے فرار ہوگئے ،تمام بازیاب افراد کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے، بازیاب افراد کے خاندانی سربراہ وسایو اوڈ نے بتایا کہ وہ 18 سال سے صحبت مری کے پاس ھاری تھے جہاں پورے خاندان سے بھر پور مشقت لینے کے بعد انہیں پیٹ بھر کر کھانا اور ضرورت کا لباس بھی نصیب نہیں ہوتا تھا اور نہ ہی انہیں اجرت دی جاتی تھی۔ بازیاب ہونے والی خاتون سیجاں نے بتایا کہ ایس ایچ او کھپرو گلزار مری نے زمیندار کی نجی جیل سے بازیاب کرانے کے بعد انہیں سیشن کورٹ سانگھڑپہنچانے کے لیے 15 ہزار روپے رشوت لی ہے جبکہ ہمارے پاس روٹی کھانے کے لیے بھی رقم نہیں ہے۔ایس ایچ او نے ہم غریبوں کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ وسایو اوڈھ کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے عدالت میں اپنے خاندان کے 66 افراد کے کی بازیابی کے لیے درخواست کی تھی لیکن کھپرو پولیس 65 افراد کو بازیاب کراسکی جبکہ اس کے خاندان کی 12 سالہ لڑکی کویتا دختر ھوند راج بازیاب نہیں کرائی جاسکی اور تاحال لاپتہ ہے