لاہور( نیوزڈیسک)حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت نئی ریلوے لائنیں بچھانے ،ٹریک کو بہتر اور دوریہ کرنے کی منصوبہ بندی کر لی،منصوبے کے تحت گوادر سے بذریعہ بیسیمہ کوئٹہ اور جیکب آباد تک نئی پٹڑی بچھائی جائے گی۔مین لائن II پر بوستان سے کوٹلہ جام بذریعہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان تک 560 کلومیٹر طویل ٹریک بچھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ حویلیاں سے خنجراب تک 682 کلو میٹر طویل نئی ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک براستہ کوٹری، ملتان ،لاہور ٹیکسلا، حویلیاں سمیت راولپنڈی 1872کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کو بہتر بنانے کے ساتھ شاہدرہ سے پشاور تک ٹریک کو دوریہ بھی کیا جائے گا۔کوٹری سے اٹک شہر تک بذریعہ دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، ڈیرہ غازی خان، بھکر، کنڈیاں 1254 کلو میٹر طویل ٹریک کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔