لاہور(نیوزڈیسک)ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کےلئے تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی اس لئے حکومت اس شعبے میں ایمر جنسی کا اعلان کرے ،پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بد قسمتی سے آج تک کسی نے ان سے استفادہ کرنے کی طرف توجہ نہیں دی ۔ ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ دنیا سے قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لئے تعلیم کو فروغ دینا ہوگا جس کے لئے ہر سال بجٹ میں رقم کو دو گنا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ملک میں امیر کے لئے الگ جبکہ غریب کے لئے الگ نصاب ہے اس تفریق کو بھی ختم کیا جائے اور ملک بھر میں جدید تقاضوں کے مطابق یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے اس کے خلاف ہر شخص کو جہاد کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بد قسمتی سے ہم اس طرف توجہ کرنے کی بجائے کشکول اٹھائے پھر رہے ہیں ۔ اگر پاکستان ان وسائل سے استفادہ کر لے تو اسے کسی عالمی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ پاکستان قرض دینے والے ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے ۔