اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسحاق ڈار نے تاجروں کو ”ماموں“بنادیا،ودہولڈنگ ٹیکس ختم نہ کیابلکہ نئے ”ہولڈنگ“ ٹیکس سے عوام کو ”ہولڈ“ کرنے کا اعلان کردیا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور تاجروں کے درمیان فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں بینکوں سے رقم نکلوانے پر 0.3 فی صد ود ہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ زیر غور آیا۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ مذاکرات میں طے پایا ہے کہ نان فائلر تاجروں کے لئے ٹیکس نیٹ اسکیم لائی جائے گی۔ یہ اسکیم تاجروں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں سہولت فراہم کرے گی۔ آئندہ چند روز میں اس پر کمیٹی قانونی نکات مکمل کر لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنکوں سے رقم نکلوانے پر 0.3 فی صد ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹیکس فائلر پر نہیں ہے اور یہ صرف گوشوارے جمع نہ کرانے والوں پرعائد ہوتا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ اسکیم سے تاجروں کو گوشوارے جمع کرانے میں ترغیبات اور مراعات دی جائیں گی اور ان کے ٹرن اوور سے متعلق مسائل حل ہو سکیں گے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی 0.3 فی صد سے کم ہو سکتی ہے۔