لاہور( نیوزڈیسک )نجی شعبے میں بجلی پیدا کرنے والے کارخانے براہ راست بڑے خریداروں کو بجلی فروخت کر سکیں گے جس کے لئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ویلنگ آف الیکٹرک پاورضوابط 2015ءکا مسودہ قانون تیارکرلیا ہے ۔نیپرا کی طرف سے تیارکیے گئے نئے مسودہ قانون کے مطابق تقسیم کارکمپنیاں ویلنگ کی درخواست کوبلاوجہ مسترد نہیں کرسکیں گی۔ درخواست دس دن میں قبول کرنا ہوگی یا خامیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔ تقسیم کارکمپنیوں کے ترسیلی نظام کو استعمال کرنے پرنجی کمپنیاں ادائیگی کی پابند ہوں گی۔ ویلنگ معاہدہ بجلی کے کارخانے اورتقسیم کارکمپنی کے درمیان ہوگا جبکہ ویلنگ چارجزنیپرامقررکرےگی۔ بجلی کی خرید وفروخت کا ریکارڈ رکھنے کیلئے ویلنگ میٹرزلگائے جائیں گے ۔ماہرین اوردیگرشراکت دارمسودہ قانون پراپنی آرا ءایک ہفتے میں نیپراکوبھجواسکتے ہیں۔نئے قانون کے تحت بجلی کے نجی کارخانے تقسیم کارکمپنیوں کے نظام کواستعمال کرتے ہوئے اپنے صارفین کوبجلی فروخت کرسکیں گے۔