کراچی (نیوزڈیسک) بلدیاتی انتخابات کے الگے مرحلے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سہ فریقی اتحاد میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی ،جمعیت علما اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی کا ایک مشترکہ اجلاس مردان ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نجمی عالم، سینیٹر سعید غنی، اے این پی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید، جنرل سیکریٹری یونس بونیری اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف ایڈوکیٹ، جے یو آئی کی جانب سے قاری عثمان اور سابق ایم پی اے مولانا عمر صادق نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے اگلے او ر آخری مرحلے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائیگا اور سہ فریقی اتحاد کی جانب پیپلز پارٹی کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے ضلع غربی، ضلع جنوبی اور ضلع ملیر کی ضلعی میونسپل کارپوریشن میں مشترکہ امیدوار لانے کی حکمت عملی طے کرے۔