لاہور( این این آئی) وزارت داخلہ نے بیرونی مالی معاونت وصول کرنے والی بین الاقوامی فلاحی تنظیموں کےلئے نئی رجسٹریشن پالیسی کے تحت آن لائن درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کر دی ۔وزارت داخلہ نے تنبیہ کی ہے کہ جو تنظیمیں 31دسمبر تک درخواستیں جمع نہیں کرائیں گی ان کےلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے دفاتر اور کام بند کرکے 15جنوری 2016ءتک پاکستان سے چلی جائیں ۔ وزارت داخلہ نے ایسی تمام بین الاقوامی فلاحی تنظیموںجو بیرونی مالی معاونت وصول کر رہی ہیں کے لئے رواں سال یکم اکتوبر سے نئی رجسٹریشن پالیسی کا اجراءکیا تھا جس کے تحت ایسی تنظیموں کےلئے آن لائن رجسٹریشن کرانالازمی قرار دیا گیا ہے ۔وزارت داخلہ نے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے اپنی ہدایات میںمزید کہاہے کہ تمام بین الاقوامی فلاحی تنظیمیں بشمول ان کے جو پہلے سے پرانی پالیسی 2013ءکے تحت وزارت اقتصادی امور کے پاس رجسٹرڈ ہیں کو دوبارہ نئی پالیسی کے تحت رجسٹرڈ ہونے کے لئے وزارت داخلہ کے پاس آن لائن درخواست جمع کرانا ہو گی ۔ وزارت داخلہ نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے جو تنظیمیں 31دسمبر تک درخواستیں جمع نہیں کرائیں گی ان کےلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے دفاتر اور کام بند کرکے پاکستان سے 15جنوری 2016ءتک چلی جائیں ۔