کراچی (این این آئی)کراچی ،رینجرز کے ساتھ اچانک وہ ہوگیا جس کا کسی نے سوچابھی نہیں تھا،توسیع ہونی چاہئے یا نہیں ؟عوام کا ردعمل سامنے آگیا، کراچی کے علاقے آرٹس کونسل چورنگی پر کھڑی رینجرز موبائل پر شہریوں نے پھولوں کی بارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام آرٹس کونسل چورنگی پر اچانک 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 7 سے 8 افراد اچانک نمودار ہوئے اور سیکورٹی کے پیش نظر تعینات رینجرز موبائل پر پھولوں کی بارش کردی۔ اس موقع پر شہریوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، پاک فوج اور رینجرز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ”این این آئی“ کو بتایا کہ ہمیں پاک فوج اور رینجرز کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر فخر ہے۔ پاک فوج کی انتھک کوششوں سے آج کراچی میں ایک بار پھر امن ہوگیا ہے اور کراچی دوبارہ روشنیوں کی طرف لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں نے اپنی جانیں قربان کرکے کراچی کا امن لوٹادیا ہے۔ آج ہم سندھ ثقافت ڈے منارہے ہیں اور رینجرز کی جانب سے قائم کئے گئے امن کے باعث ایک بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکلے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ رینجرز کو کراچی سمیت سندھ بھر میں تعینات کیا جائے اور ان کے اختیارات میں ایک سال تک توسیع کی جائے تاکہ کراچی سمیت سندھ بھر سے دہشت گردوں اور امن دشمنوں کا خاتمہ ہوسکے۔