اسلام آباد (آئی این پی )محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے اختتام سے پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند پڑنے جبکہ دھند کا یہ سلسلہ اگلے تین سے چار ہفتے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ۔محکمہ موسمیات نے اگلے تین سے چار روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرالود رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں رات اورصبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں کالام منفی 11، ،قلات، استور منفی 10 ، کوئٹہ، منفی 7 ، دالبندین منفی 06 ، دیر ،گلگت، سکردو منفی 05 مالم جبہ اور گوپس منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔