اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر وزیراعظم ہاﺅس میں قائم امورعامہ وشکایات ونگ کو فعال بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اورفیصلہ کیا گیا ہے کہ شکایات کے اندراج کیلئے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی اور شکایات پر فوری موثراورشفاف انداز میں عملدرآمد کیلئے سافٹ ویئرمنجمنٹ سسٹم قائم کیاجائیگا۔ یہ فیصلے جمعرات کو یہاں وفاقی سیکرٹری پارلیمانی امورمنظوراحمدخان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کئے گئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو شکایات کے اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ کیاجائیگا۔وفاقی سیکرٹری منظوراحمد خان نے کہاکہ یہ اقدام جمہوری حکومت کا ایک اورسنگ میل ہے جس کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولت اورانصاف ملے گا۔انہوں نے کہاکہ عوام اپنی درخواستیں براہ راست وزیراعظم کے نام صاف کاغذ پربھجوائیں جو اچھی لکھی ہوئی ہونی چاہئیں یہ درخواستیں ای میل اور ڈاک کے ذریعے بھجوائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ونگ وزیراعظم اور عوام کے درمیان رابطے کاکام دیگا ۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ہدایات سسٹم فراہم کیاجائیگا جس کے ذریعے کارکردگی پرنظررکھی جائے گی۔ وفاقی سیکرٹری نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی شکایات سننے کیلئے وقت مقرر کریں اور ضلعی وڈویژن سطح پرکھلی کچہریاں لگانے کے ساتھ ساتھ ہرمحکمے میں سہولت ڈیسک قائم کئے جائیں۔اجلاس میں تمام صوبوں ، آزاد جموں وکشمیر اورفاٹا کے نمائندے شریک ہوئے۔