راولپنڈی (نیوزڈیسک)عالمی سطح پر بدلتے حالات،پاکستان اور چین کامشترکہ جنگی اقدام،بھارت سمیت دنیا بھر کی نظریں لگ گئیں، چین نے بھارت کے ساتھ اسی سال اکتوبر میں منعقدہ دہشت گردی کی تربیتی مشقوں کے بعد اب سرد ترین موسم میں پاکستان کے ساتھ اپنی نوعیت کی منفرد تربیتی مشقوں کا آغازکردیاہے۔-پاکستان اور چین کی سپیشل فورسز کی خصوصی تربیتی مشقیں چین میں شروع ہوگئیں۔شمالی چین کے انتہائی سخت موسم میں دو ہفتے جاری رہنے والی یو ژی فائیو مشقوں کے دوران دہشت گردی کےخلاف آپریشنز سمیت دیگر امور پر توجہ مرکوز رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کی سپیشل فورسز کی مشترکہ تربیتی مشقوں ”یوژی فائیو“ کے آغاز کے موقع پر چین کے خود مختار علاقے کنگ ٹونگ ژیا، ننگ ژیا ہوئی میں منگل کو ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان اور پیپلز لبریشن آرمی کے سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ یہ مشقیں پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے سال 2015ءکے تحت منعقد کی جارہی ہیں۔ ان مشقوں کے دوران دہشت گردی کیخلاف آپریشنز ، یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی ، گھیراﺅ اور تلاشی کے آپریشنز پر توجہ مرکوز رہے گی۔ بیان کے مطابق مشترکہ مشقوں سے پاکستان اور چین کے درمیان پہلے سے موجود گہرے فوجی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ یو ژی فائیو شمالی چین میں انتہائی سخت موسم میں منعقد کی جارہی ہے جس کے دوران پاک فوج دہشت گردی کیخلاف اپنے تجربات کا تبادلہ کریگی۔یہ مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل چین بھی بھارت کے ساتھ تربیتی مشقوں میں حصہ لے چکاہے مگر یہ مشقیں سرد ترین موسم میں اپنی نوعیت کی منفرد تربیتی مشقیں ہیں۔