اسلام آباد(نیوزڈیسک)افریقا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے،عالمی بینک نے منصوبہ پیش کر دیا،منصوبے پر پیرس میں منعقدہ کانفرنس میں غور کیا جائیگا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افریقی خطے میں موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا مسائل سے نمٹنے کیلئے 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے اور یہ رقم مختلف ترقیاتی تنظیموں، ممالک اور نجی پارٹنرز کے ذریعے آئندہ 5 برسوں میں اکھٹی کی جائیگی۔اقوام متحدہ کی جانب سے یہ منصوبہ آئندہ پیر سے پیرس میں شروع ہونے والی 12 روزہ کانفرنس میں پیش کیا جائیگا ،عالمی بینک کے مطابق افریقی ممالک کو بچوں کی نشو و نما سے لے کر ملیریا اور قحط جیسی صورت حال کا سامنا ہے۔دنیا کے دیگر تمام خطوں کے مقابلے میں سب سے کم کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج افریقا سے ہوتا ہے اور یوں ماحولیاتی ا?لودگی میں افریقی ممالک کا حصہ دنیا بھر میں سب سے کم ہے، لیکن اس کے باوجود ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب، خشک سالی ، قحط اور دیگر شدید موسمی آفات کا سب سے زیادہ نشانہ افریقا کو بننا پڑ رہا ہے اور سائنس دانوں کے مطابق زمین کا درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان میں مزید شدت آئے گی۔