اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی 37 سال قبل لاپتا ہونے والی پرواز پی کے 404 کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،
جہاں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم فصیح علی نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے طیارے کے ممکنہ مقام کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فصیح علی نے پانچ ماہ تک تحقیق جاری رکھی اور اس دوران تاجکستان میں واقع ایک گلیشیئر پر ایسی چند ساختوں کی نشاندہی کی جو ممکنہ طور پر لاپتا طیارے کے ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
طالب علم کے مطابق ایک دستاویزی فلم دیکھنے کے بعد انہوں نے اس پرواز کی تلاش شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے سیٹلائٹ تصاویر اور گوگل ارتھ کا استعمال کرتے ہوئے مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور بالآخر ایک ممکنہ مقام کی نشاندہی کی۔
ڈائریکٹر بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن ایئر کموڈور احسن نعمان نے بتایا کہ سامنے آنے والے مقام کی تصدیق کے لیے ضروری تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ وہاں واقعی طیارے کا ملبہ موجود ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 ایک مقامی فضائی سروس تھی، جو 25 اگست 1989 کو گلگت سے اسلام آباد جاتے ہوئے اچانک لاپتا ہوگئی تھی۔ اس واقعے کے بعد سے طیارے کا سراغ نہیں مل سکا۔



















































