اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے قریب تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے آس پاس پہنچ گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے توانائی کے اہم مراکز پر حملوں کے بعد تیل کی عالمی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یعنی 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اس سے ایک روز قبل اس کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور کاروباری اختتام پر برینٹ 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے نرخ 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد بڑھ کر 85.41 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔ امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی معمول کے مطابق ٹریڈنگ بندش نہیں ہوسکی تھی۔اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید شدت نہ آنے کی صورت میں بھی برینٹ خام تیل 100 ڈالر فی بیرل کی حد عبور کرسکتا ہے،
تاہم اس کے لیے عالمی منڈی میں تیل کی رسد کم ہونے کے واضح شواہد سامنے آنا ضروری ہیں۔رپورٹ کے مطابق برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں اہم عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتیں مسلسل چار ہفتوں کی کمی کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار بنیادوں پر اضافے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتوں میں تیل سستا ہونے کی ایک وجہ یہ توقع بھی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مزید اضافہ نہیں کریں گے۔



















































