فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد کے علاقے رجانہ روڈ پر گاڑی اور ٹریکٹر ٹرالی کے ٹکرانے کے باعث بدترین حادثہ پیش آیا
جس میں حاملہ خاتون سمیت شادی سے واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے 11افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی گائوں 66 دھاندرہ کے رہائشی باپ، بیٹے، پوتے پوتیوں، بہو سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں جو شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے کہ رجانہ روڈ پر 468 گ ب کے قریب گاڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں کار میں سوار گھر کا سربراہ ذوالفقار احمد، ان کا بیٹا کاشف، کاشف کی تین بیٹیاں زینب، علیزہ، مرحا اور 35 سالہ اہلیہ مصباح جاں بحق ہوئے، حادثہ میں ذوالفقار کے دوسرے بیٹے یاسر کی اہلیہ، بیٹی پانچ سالہ نور، چار سالہ بیٹا احمد، دو سالہ بیٹاعلی اصغر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اور گاڑی کا ڈرائیور علی بھی جانبر نہ ہو سکا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والی یاسر کی اہلیہ حاملہ تھیں،
الائیڈ اسپتال میں ان کے پیٹ میں موجود بچے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ خوفناک حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی میتیں ان کے گھر پہنچا دی گئیں ۔ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملنے پرعلاقے میں کہرام مچ گیا، علاقہ کے رہائشی سینکڑوں افراد متوفیان کے گھر کے باہر جمع ہو گئے 11 افراد کی میتیں پہنچنے پر عزیزو اقارب اور اہل علاقہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔



















































