اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے 50 اسکوٹرز دینے کا اعلان کیا ہے۔
یونیورسٹی آف تربت کے لا کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکوٹرز طلبہ میں تقسیم کرنے کا طریقہ کار یونیورسٹی کے وائس چانسلر طے کریں گے۔انہوں نے طلبہ کے لیے سرکاری اخراجات پر مری اور اسلام آباد کے مطالعاتی دوروں کا اہتمام کرنے کا اعلان بھی کیا۔ سرفراز بگٹی کے مطابق آئندہ برس تربت شہر میں گرین بسوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، جبکہ خواتین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے پنک بس سروس بھی شروع کی جائے گی۔تقریب کے دوران قانون کی ایک طالبہ نے مالی معاونت کی درخواست کی، جس پر وزیراعلیٰ نے مدد فراہم کرنے اور انٹرن شپ کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج کے طالب علم ہی کل صوبے اور ملک کی قیادت کریں گے، اس لیے انہیں اپنی توجہ تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت دیگر صوبوں کے مقابلے میں طلبہ کو کم فیس پر اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی آف تربت کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ڈیپارٹمنٹ کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔



















































