شیرگڑھ (این این آئی) جلالہ کے دیرینہ مسلم لیگی رہنما اور بزرگ شخصیت حبیب اللہ ولد عبداللہ، جن کی عمر 70 سے 72 سال بتائی جاتی ہے،
کو نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ حبیب اللہ خان کی اچانک پراسرار گمشدگی اور بعدازاں قتل کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔ واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ نے نعش جلالہ میں سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں ایس ایچ او شیرگڑھ فضل سبحان خان نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کیے، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
پولیس نے مقتول کے بہنوئی زبیر شاہ کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زبیر شاہ نے 25 نومبر 2026 کو روزنامچہ نمبر 11 کے تحت تھانہ شیرگڑھ میں حبیب اللہ کے گھر سے جلالہ بازار میں اپنی دکان جانے اور واپس نہ آنے کی اطلاع درج کرائی تھی، جس کے بعد ان کی تلاش جاری تھی۔ آج صبح تقریباً 8 بج کر 50 منٹ پر زبیر شاہ اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ تلاش کے سلسلے میں متعلقہ دکان پہنچے اور مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو حبیب اللہ کو ٹینٹ کے پردے کے نیچے خون میں لت پت پایا۔ رپورٹ کے مطابق نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے ان کا گلا کاٹ کر قتل کرنے کے بعد نعش چھپائی تھی۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے لیے نعش آر ایچ سی شیرگڑھ منتقل کردی۔



















































