قاہرہ(این این آئی)مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے گردونواح میں واقع ہائی وے پر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹینکر میں تصادم کے بعد شدید آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہائی وے پر ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز کی درجنوں گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ زخمیوں اور متاثرین کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ مقامی حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



















































