کراچی(این این آئی) شہر کے علاقے سچل میں شوہر کی دوسری شادی سے متعلق مبینہ غلط اطلاع ملنے پر دو بچوں نے خود کشی کرلی ۔
پولیس کے مطابق خاتون نے اطلاع کی تصدیق کیے بغیر زہریلی چیز پی لی، جس کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی اور وہ جانبر نہ ہوسکی۔پولیس کے مطابق واقعہ صفورا، عبداللہ شاہ غازی گوٹھ کے علاقے جی 17 بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں مکان نمبر B/45 کی رہائشی 32 سالہ صائمہ زوجہ فیاض احمد کو تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دم توڑ گئی۔ خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ محنت مزدوری کرتا ہے۔سچل تھانے کے ڈیوٹی افسر کے مطابق کسی جاننے والے نے خاتون کو آکر بتایا تھا کہ اس کے شوہر نے دوسری شادی کرلی ہے۔ اس اطلاع پر خاتون دلبرداشتہ ہوگئی اور شوہر سے تصدیق کیے بغیر کالا پتھر ملا پانی پی لیا۔پولیس افسر کے مطابق خاتون کی حالت بگڑنے پر اس کا شوہر گھر پہنچا تو اس نے زہریلی چیز پینے کی وجہ پوچھی۔
خاتون نے اسے دوسری شادی کی اطلاع سے متعلق بتایا، جس پر شوہر نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کوئی دوسری شادی نہیں کی اور اسے غلط اطلاع دی گئی ہے، تاہم اس وقت تک خاتون کی حالت انتہائی تشویش ناک ہوچکی تھی اور کچھ ہی دیر بعد اس کا انتقال ہوگیا۔ڈیوٹی افسر کے مطابق متوفیہ کے شوہر نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا، جس کے بعد پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے لاش شوہر کے حوالے کردی۔



















































