کراچی(این این آئی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کو آن لائن مالی فراڈ کے نئے طریقہ کار سے خبردار کرتے ہوئے
بتایا ہے کہ جعلساز بینکنگ سسٹم اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو استعمال کرکے شہریوں کی رقوم غیرقانونی طور پر منتقل کر رہے ہیں۔این سی سی آئی اے کے مطابق جعلی کمپنیاں مبینہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹس بنوا کر انہیں بینکنگ نظام سے منسلک کرتی ہیں، جس کے بعد ان اکاؤنٹس کے ذریعے رقم کی منتقلی کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔ادارے کے مطابق جعلساز ان جعلی بینک اکاؤنٹس کو آن لائن گیمز اور بیٹنگ پورٹلز سے بھی منسلک کر دیتے ہیں۔ بظاہر رقم بینک سے کمپنی کو منتقل ہوتی دکھائی دیتی ہے، تاہم حقیقت میں یہ رقم جعلی اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہوتی ہے۔
این سی سی آئی اے نے کہا کہ اس نوعیت کے مالی فراڈ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے نظام کو مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کو تجاویز دینے پر کام کیا جا رہا ہے۔



















































