کراچی(این این آئی)معروف گلوکار طفیل سنجرانی کی گاڑی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں اسپتال کے باہر سے چوری ہوگئی،
جس کا مقدمہ مدینہ کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق گلوکار طفیل سنجرانی طبی معائنے کے لیے اسپتال گئے تھے، تاہم جب وہ معائنے کے بعد باہر آئے تو ان کی گاڑی وہاں موجود نہیں تھی۔ گاڑی غائب ہونے پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرادیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے چوری شدہ گاڑی کی تلاش شروع کردی ہے اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی اور اے وی ایل سی حکام کو ہدایت کی ہے کہ جدید تکنیکی اور تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے گاڑی جلد برآمد اور واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔آئی جی سندھ نے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے اور گاڑی کی برآمدگی کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔



















































