اسلام آباد (این این آئی)وکلا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کا انکشاف کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے کہا کہ جیل میں بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلے، جنہیں جیل کے عملے نے مارا۔درخواست میں کہا گیا کہ صفائی کی صورتحال خراب ہے، چوہے، کاکروچ اور کیڑے پھرتے رہتے ہیں۔
وکلا نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت خراب ہے، انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے، 10 نومبر کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی خرابی کا بتایا۔وکلا نے موقف اختیار کیا کہ خود بشریٰ بی بی نے بتایا ڈاکٹر کہتے ہیں ان کی آنکھ کی سرجری ہوگی۔عدالت سے استدعا کی کہ بشری بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائے اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کروایا جائے۔



















































