اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے کی تفتیش کے دوران ان کے شوہر اور گرفتار ملزم احسن نے ازدواجی زندگی اور سیلون کے کاروبار سے متعلق اپنا مؤقف پیش کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر میاں بیوی کے تعلقات میں کشیدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور دعوؤں کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم احسن نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس نے 2010 میں ربیعہ سے پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں ایک نجی بینک میں ملازمت کرتے تھے، جس کے بعد انہوں نے موبائل نیٹ ورک کمپنی میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔ بعد ازاں ربیعہ کو برطانوی ہائی کمیشن میں ملازمت مل گئی۔ملزم کے بیان کے مطابق کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں اپنا سیلون قائم کرنے کا فیصلہ کیا تو اس نے بھی کاروبار میں ان کا ساتھ دیا۔ احسن نے دعویٰ کیا کہ سیلون میں کام کرنے والی دو خواتین کے درمیان تنازعے کے باعث ایک مرتبہ میاں بیوی کے درمیان ناراضگی پیدا ہوئی تھی۔ اس کے بقول ایک ملازمہ نے دوسری کو ملازمت سے نکلوانے کے لیے اس پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کیا، تاہم اس نے الزام مسترد کرکے ربیعہ کو وضاحت پیش کی، جس کے بعد دونوں کے درمیان معاملات معمول پر آگئے تھے۔گرفتار ملزم نے مزید دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے علاوہ 16 سالہ ازدواجی زندگی میں ان کے درمیان کوئی بڑا اختلاف نہیں ہوا۔ وہ اور ربیعہ روزانہ شام کو جم جاتے تھے جہاں دونوں بیڈمنٹن بھی کھیلتے تھے۔
ملزم نے ربیعہ کو ایک محنتی اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مقام بنانے والی خاتون قرار دیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے موبائل فونز کا ڈیٹا اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا گیا، تاہم ان سے باہمی ناراضگی یا مسلسل خراب تعلقات کی تصدیق نہیں ہوئی۔ احسن نے بھی ازدواجی زندگی میں طویل عرصے سے اختلافات ہونے کے دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔دوسری جانب اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں گرفتار ان کے شوہر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا پولی گرافی ٹیسٹ ابھی نہیں ہوسکا، جس کے لیے 16 نومبر کی تاریخ مقرر ہے۔
سب انسپکٹر منتظر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کو پولی گرافک فرانزک ٹیسٹ کے لیے پیر 16 نومبر کو لاہور لے جانا ہے، اس لیے اس کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ اس موقع پر وکیل صفائی نے کہا کہ انہیں مزید جسمانی ریمانڈ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔سینئر سول جج نصراللہ وٹو نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد ملزم احسن کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور تفتیش مکمل کرکے اسے 19 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔



















































