کراچی(این این آئی)حکومت نے سکوک بانڈز کے اجرا کو آسان، شفاف اور تیز بنانے کے لیے ایسٹ رجسٹری کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نئی کمپنی سکوک کے اجرا کے لیے استعمال ہونے والے سرکاری اور نجی اثاثوں کی رجسٹریشن، تصدیق اور نگرانی کی ذمہ دار ہوگی۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مجوزہ کمپنی کے ذریعے سکوک کے لیے مختص کیے جانے والے اثاثوں کا مکمل ریکارڈ ایک مرکزی رجسٹری میں محفوظ کیا جائے گا، جس سے اثاثوں کی ملکیت، مالیت اور قانونی حیثیت کی جانچ ممکن ہوسکے گی۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ سکوک کے اجرا کے لیے استعمال ہونے والے تمام اثاثوں کا ریکارڈ مرتب کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق روایتی بانڈز کے برعکس سکوک کا بنیادی تصور سود کے بجائے حقیقی اثاثوں کی ملکیت سے منسلک ہے، اس لیے اثاثوں کی شناخت اور ملکیت کا ثابت ہونا لازمی ہے۔ذرائع کے مطابق موٹرویز، سرکاری عمارتوں، پاور پلانٹس اور زمین سمیت دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ مرکزی رجسٹری میں محفوظ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ہر اثاثے کی ملکیت، مارکیٹ ویلیو اور اس پر موجود کسی بھی قرض یا قانونی دعوے کی جانچ بھی کی جائے گی۔مجوزہ کمپنی کے قیام اور نظام کو عملی شکل دینے کے لیے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور لاء ڈویژن مشترکہ طور پر قانونی اور شرعی فریم ورک تیار کریں گے۔ذرائع کے مطابق کمپنی کے قیام سے متعلق فریم ورک عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی بھجوایا جائے گا، جس کے بعد اس معاملے پر حتمی بات چیت کی جائے گی۔



















































