لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید نے اپنے شوہر عتیق ریاض سے خلع حاصل کرنے کے لیے فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔
عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض کو نوٹس جاری کر دیا اور ان سے جواب طلب کرلیا ہے۔خلع کے دعوے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کا نکاح عتیق ریاض کے ساتھ 22 ستمبر 2009 کو ہوا تھا۔ازدواجی زندگی کے دوران میاں بیوی کے درمیان ذہنی ہم آہنگی کے مسائل رہے اور مختلف معاملات پر غیر ضروری غلط فہمیاں پیدا ہوتی رہیں، وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوتا گیا۔
اب شوہر کے ساتھ بطور بیوی زندگی گزارنا ناممکن ہو چکا ہے، استدعا ہے عدالت خلع کی ڈگری جاری کرتے ہوئے ازدواجی تعلق ختم کرنے کا حکم دے۔لاہور کی فیملی کورٹ میں خلع کی درخواست پر آئندہ سماعت 25 نومبر کو ہو گی۔



















































