اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پنجاب حکومت نے زمین اور جائیداد سے متعلق معلومات تک شہریوں کی رسائی آسان بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا ہے،
جس کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے اپنے شناختی کارڈ نمبر کی مدد سے پراپرٹی کا ریکارڈ چیک کرسکیں گے۔اس آن لائن سہولت کے تحت صارفین کو متعلقہ پورٹل پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا، جس کے بعد دستیاب ریکارڈ کی تفصیلات اسکرین پر ظاہر ہوجائیں گی۔ شہری اس نظام کے ذریعے فرد اور انتقالِ اراضی سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکیں گے۔نئے پورٹل میں جائیداد کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے،
جبکہ زمین کی ملکیت کی منتقلی اور دیگر ضروری دستاویزات سے متعلق تفصیلات بھی ڈیجیٹل انداز میں دیکھی جاسکیں گی۔حکومت کے اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو زمین اور املاک کے ریکارڈ تک تیز، آسان اور گھر بیٹھے رسائی فراہم کرنا ہے۔



















































