اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے عارضی موبائل فون رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر دی ہے،
جس کے ذریعے اہل افراد پاکستان میں قیام کے دوران 120 روز تک اپنے موبائل فون بغیر ایف بی آر ٹیکس ادا کیے استعمال کر سکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ سہولت پاکستان آنے والے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی مہمانوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے مفت اور خودکار عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اہل افراد اپنے فون کو محدود مدت کے لیے رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
درخواست دینے کے خواہش مند افراد پی ٹی اے کے ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے آن لائن پورٹل https://dirbs.pta.gov.pk/drs/login پر جا کر کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے سب سے پہلے پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے بعد ’Temporary Registration for Overseas Pakistanis and Foreign Nationals‘ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنا شناختی کارڈ (CNIC) یا نائیکوپ (NICOP) نمبر اور پاسپورٹ کی وہ تفصیلات درج کرنا ہوں گی جو امیگریشن ریکارڈ سے مطابقت رکھتی ہوں، جبکہ غیر ملکی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔
ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد درخواست گزار پورٹل میں لاگ اِن کرکے اپنے موبائل فون کا انٹرنیشنل موبائل ایکوپمنٹ آئیڈینٹیٹی (IMEI) نمبر درج کریں گے۔ یہ نمبر معلوم کرنے کے لیے موبائل فون پر *#06# ڈائل کیا جا سکتا ہے۔ اس مرحلے پر یہ بھی بتانا ہوگا کہ فون سنگل سم ہے یا ڈوئل سم۔
درخواست کے اگلے مرحلے میں اپنے نام پر رجسٹرڈ پاکستانی موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا۔ اس کے بعد متعلقہ موبائل نیٹ ورک آپریٹر کا انتخاب کرکے درخواست جمع کرانی اور ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام فراہم کردہ معلومات کی کامیاب تصدیق کے بعد موبائل فون کو عارضی رجسٹریشن کی سہولت دے دی جائے گی۔ یہ رجسٹریشن پاکستان کے ہر دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ 120 دن تک مؤثر ہوگی۔
اس سہولت سے متعلق مزید تفصیلات اور رہنمائی کے لیے پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.pta.gov.pk سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔



















































