اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجوں اور جامعات میں زیرِ تعلیم طلباء کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں خصوصی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس پیکیج کے تحت اہل طلباء 42 روزہ لازمی لرنر مدت پوری کیے بغیر ایک ہی دن میں موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ٹریفک پولیس کے مطابق یہ رعایتی سہولت یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد طلباء کو لائسنس کے حصول میں درپیش مشکلات کم کرنا اور انتظار کے روایتی دورانیے کو مختصر کرنا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے دوران اہل طلباء اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔پولیس نے طلباء کو مشورہ دیا ہے کہ درخواست جمع کروانے سے قبل اپنی اہلیت، ضروری دستاویزات اور لائسنس کے حصول سے متعلق تمام شرائط کی معلومات حاصل کر لیں تاکہ کارروائی کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



















































